غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’ہیومین ’’نامی کمپنی نے ’’اے آئی پن‘‘ لانچ کر دی ہے جو شاید کچھ عرصےمیں موبائل فون کی چھٹی کرا دے ۔16 نومبر 2023 سے اس ڈیوائس کی صرف امریکا میں بکنگ ہورہی ہے۔
یہ ڈیوائس ابھی ابتدائی مراحل میں ہے وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر ہوتی جائے گی کیونکہ بنیادی ماڈلز بہتر ہوتے جائیں گے، ہیومن کو امید ہے کہ اس کی ڈیوائس اسی طرح کارآمد ہوگی جس طرح اسمارٹ فونز ہیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سیلیکون ویلی میں قائم ہیومن کمپنی نے سمارٹ فون کے متبادل کے طور پر ایک اے آئی پن (آرٹی فیشل اینٹلی جنس پن) تخلیق کی ہے جو گفتگو اور ٹائپنگ کے بجائے ٹیپنگ پر انحصار کرتی ہے۔دراصل ’’اے آئی پن ‘‘ بغیر سکرین کے ایک جدیدسمارٹ فون ہے جس کی رسائی مائیکرو سافٹ اور اوپن اے آئی کے اے آئی ماڈلز تک موبائل فون نیٹ ورک کی بدولت ممکن بنائی گئی ہے۔
ہیومین اے آئی پن ایک وئیرایبل اے آئی اسسٹنٹ ہے یہ آپ کے سمارٹ فونز والے سارے کام کرے گی،اس میں کیمرہ اور مائیک ہے اور پروجیکٹر ہے،آپ اسے بول کر کمانڈ دیں گے آپ اس سے کال کر سکتے ہیں ،میسج کر سکتے ہیں یہ آپ کی کال کو لائیو ٹرانسلیٹ بھی کر سکتی ہے اس کا لیزر پروجیکٹر آپ کے ہاتھ پہ آپ کو ڈسپلے دے گا۔آپ اس سے ٹائم دیکھ سکتے ہیں اگر آپ مصروف ہیں تو یہ آپ کی کالز اور میلز کا رپلائی بھی دے گی ۔یہ آپ کی صحت اور کھانے پینے کا خیال بھی رکھے گی آپ نے جو چیز کھانی ہے آپ وہ اس کے سامنے کریں گے تو یہ آپ کو بتائے گی کہ آپ کہ صحت کے لیے یہ ٹھیک ہے یا نہیں ۔اے آئی پن میں کوئی سکرین یا ایپس نہیں ہے اس میں ایک لیزر کو پروجیکشن سسٹم کے طور پر استعمال کیا گیا ہے تاکہ استعمال کرنے والے شخص کی ہتھیلی پر ٹیکسٹ اور مونو کرومیٹک امیجز ڈسپلے ہوسکیں۔
اے آئی پن بذات خود ایک مربع آلہ ہے جو مقناطیسی طور پر آپ کے کپڑوں یا دیگر سطحوں پر کلپ ہو سکتا ہے۔یہ کلپ ایک بیٹری پیک بھی ہے، آپ پن کو چلانے کے لیے دن بھر نئی بیٹریاں تبدیل کر سکتے ہیں۔ ہیومین کمپنی یہ ڈیوائس دوبیٹری بوسٹرز کے ساتھ فراہم کررہی ہے۔ اے آئی پن میںQualcomm Snapdragonپروسیسر نصب ہے۔
ویب سائٹ دی ورج کے مطابق اے آئی پن کا وزن تقریباً 34 گرام ہے، اور جب آپ ’بیٹری بوسٹر‘ کو نصب کرتے ہیں تو اس کے وزن میں مزید 20 گرام اضافہ ہوجاتا ہے، اس میں 13 میگا پکسل کیمرہ بھی موجود ہے، جو بہترین کوالٹی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی ریکارڈ کرسکتا ہے۔اس ڈیوائس کی قیمت 699 ڈالر ہے اور اس کی فیس 24 ڈالر ماہانہ ہوگی تاکہ صارفین کو فون نمبر اور ڈیٹا بذریعہ ٹی موبائل نیٹ ورک کے جاری ہوسکے۔
پاکستانی نژاد امریکی شہری عمران چوہدری اور ان کی اہلیہ بیتھنی دونوں ایپل میں ملازمت کرتے تھے ، عمران چوہدری ایپل کا ڈیزائنر تھے انہوں نے 20 سال ایپل میں کام کیا ۔بہت سے آئی پیڈ، آئی فونز اور اسیسریز کو ڈیزائن کیا ۔آئی فون کا انٹرفیس بھی عمران چوہدری نے ڈیزائن کیا اور بیتھنی ایپل کی سافٹ وئیر ڈائریکٹر تھیں ،آئی او ایس کے تمام پراجیکٹس کی ذمہ داری بیتھنی کی تھی۔ان دونوں نے پانچ سال پہلے اپنی کمپنی ہیومین بنائی ۔ان دونوں میاں بیوی نے حال ہی میں موبائل فون کے متبادل اپنی پہلی پراڈکٹ لانچ کر کے اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں دھماکہ کر دیا ہے۔16نومبر2023 سے اے آئی پن کی امریکا میں بکنگ ہو رہی ہے۔