کیلیفورنیا: انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی نجی گفتگو کو مزید سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کیلئے کا م شروع کر رکھا ہے۔
بِیٹا انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارفین کو اپنی چیٹس مزید خفیہ بنانے کیلئے ایک پن کوڈ کی سہولت فراہم کرے گا جس کو لگانے سے چیٹ آنکھوں سے اوجھل ہوجائے گی۔
بِیٹا انفو کی جانب سے جاری کیے گئے سکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نئے آپشن کے تحت چیٹ کو پوشیدہ کرنے کے آپشن کو آن کرتے ہوئے ایک خفیہ کوڈ کا اطلاق کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں پوشیدہ چیٹ کو ظاہر کرنے کے لیے صارفین کو سرچ بار میں کوڈ درج کرنا ہوگا جس سے پوشیدہ چیٹ سامنے آجائے گی۔
سکرین شاٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ فیچر فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے اور صرف واٹس ایپ بِیٹا ورژن صارفین کو استعمال کے لیے دستیاب ہے۔
ابھی تک کمپنی کی جانب سے اس فیچر کے متعارف کرائے جانے کے متعلق حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔